تعریف رب کی جس نے، سارا جہاں بنایا
خالق نے پھر ہمارا، نام و نشاں بنایا
عرصہ ہوا بشر کا، کچھ ذکر ہی نہیں تھا
شمسی نظام سارا ، گردش کناں بنایا
شب روز کو کیا ہے ، اک دوسرے میں داخل
اللہ نے ہی سارا ، سود و زیاں بنایا
رسوائی ہو کہ عزت ، غم یا خوشی کی حالت
کیسی زمیں بچھائی ، کیا آسماں بنایا
مخلوق ساری اپنی ، قدرت سے ہے بنائی
ہر شے کو حسن دے کر ، پیارا سماں بنایا
(محمد اسامہ سرسری)
شیئر کریں