فہیم سجاد (خانیوال)
میرے گاؤں کے آس پاس ہرے بھرے کھیت ہیں ۔ جس کی وجہ سے ماحول ہمیشہ خوش گوار رہتا ہے جبکہ تازہ ہوا کے جھونکے صحت کو بحال رکھتے ہیں۔ آج صبح جب میں سکول کے لئے گھر سے روانہ ہوا تو مجھےبہت اچھا لگ رہا تھا۔ ہوا کی ٹھنڈک محسوس ہو رہی تھی کہ اچانک ایک طرف سے دھواں آنا شروع ہو گیا۔ میری آنکھوں سے پانی بہنے لگا اور گلے میں خراش ہونے لگی۔ ادھر ادھر نظر دوڑائی تو دیکھا کہ ایک طرف کوڑے کے ڈھیر کو آگ لگا کر ختم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ مگر آگ مکمل تو نہ جل سکی لیکن دھواں ہر طرف پھیل رہا تھا جو کہ آنے جانے والے لوگوں کو متاثر کر رہا تھا۔ اس ماحول میں سانس لینا دشوار ہو رہا تھا۔ ہمیں چاہیئے کہ اس طرح سرعام کوڑا کرکٹ کو آگ لگا کر دھویں سے ماحول کو آلودہ نہ کریں کیونکہ اس عمل سے لوگوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خاص طور پر بزرگ اور بیمار لوگوں کے لیے یہ تکلیف کا باعث ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور فضا کو آلودہ نہ ہونے دیں۔ کیونکہ صاف ستھرا ماحول صحت مند معاشرے کےلیے بہت ضروری ہے۔